مقتدی الصدر

آئندہ عراقی انتخابات پرانے چہروں سے خالی ہونا چاہئیں ، مقتدی الصدر

بغداد(عکس آن لائن)عراق میں التیار گروپ کے سربراہ مقتدی الصدر نے زور دیا ہے کہ آئندہ انتخابات پرانے چہروں سے خالی ہونا چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات الصدر کے دفتر کے میڈیا آفیشل حیدر الجابری نے بتائی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ الصدر نے مطالبہ کیا کہ مظاہرین اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں۔اسی طرح انہوں نے عراقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جنوبی شہروں کی تعمیر نو کے لیے منصوبہ وضع کیا جائے اور ملکی صنعت کو فعال بنا کر مضبوط معیشت کو جنم دیا جائے۔دوسری جانب مقتدی الصدر کے ترجمان نے باور کرایا کہ سیاسی اتحاد کے حوالے سے بات کرنا ابھی قبل از وقت ہو گا … البتہ شیعہ جماعتوں سے باہر اتحاد کرنا ممنوع نہیں۔دو ہفتے قبل مقتدی الصدر ایک ٹویٹ میں یہ توقع ظاہر کر چکے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں انہیں بڑی کامیابی ملے گی اور آئندہ وزیر اعظم پہلی مرتبہ الصدر گروپ سے ہو سکتا ہے۔یاد رہے کہ وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے انتخابات کے لیے آئندہ سال یعنی جون 2021 کا وقت متعین کیا ہے۔مئی 2018 میں ہونے والے انتخابات میں الصدر گروپ نے پارلیمنٹ کی مجموعی 329 نشستوں میں سے 54 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے سب سے بڑا بلاک تشکیل دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں