پاکستان کرکٹ بورڈ

پاکستان کرکٹ بورڈنے قومی کرکٹرز کے فٹنس کیمپ کو مذاق بنا دیا

لاہور(عکس آن لائن)پی سی بی ایسے وقت میں فٹنس کیمپ لگانے جا رہا ہے جب ڈومیسٹک کرکٹ سیزن اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ کیمپ کا اس وقت اعلان کیا گیا جب پی سی بی نے ابوظہبی ہونے والی ٹی ٹین لیگ کیلئے مشروط این او سی واپس لینے کا اعلان کیا۔این او سی واپس لینے کی وجہ ڈومیسٹک کرکٹ اور ورک لوڈ مینجمنٹ بھی بتایا گیا۔ پہلے تو پاکستان کرکٹ بورڈ بھول ہی گیا کہ کیمپ 13 نومبر کو شروع کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ پی سی بی نے 15 نومبر کو اعلان کیا کہ پیر سے کیمپ لگایا جا ئے گا۔

کیمپ میں بلائے جانے والے کھلاڑیوں کی تعداد صرف 3 ہے۔ ان میں محمد عامر، محمد عرفان اور عماد وسیم شامل ہیں۔ عماد وسیم اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے جا چکے ہیں اور انہوں نے اپنی عدم دستیابی کے بارے میں کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا تھا۔ محمد عامر بھی دو تین روز کیلئے کیمپ میں شامل ہوں گے جس کے بعد وہ بھی عمرہ کیلئے جارہے ہیں۔اس طرح کیمپ مکمل کرنے والے صرف محمد عرفان رہ جائیں گے اس سے کیمپ لگانے کے حوالے سے پی سی بی کی حکمت عملی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ پی سی بی کی پالیسی خاصی حیران کن ہے کہ ایک طرف ٹی ٹین لیگ کیلئے قومی کرکٹرز کو این او سی جاری نہیں کئے جاتے اور دوسری طرف جنوبی افریقہ کی ٹی ٹونٹی لیگ کیلئے کھلاڑیوں کو جانے دیا جاتا ہے ،سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ اکیڈمی میں تین کھلاڑیوں کو بلا کر اسے فٹنس کیمپ کا نام دے دیا گیا ہے جس کی مثال اس سے پہلے نہیں ملتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں