آئی سی سی

آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ آئندہ سال جنوبی افریقہ میں کھیلا جائیگا

دبئی(عکس آن لائن)13واں آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ آئندہ سال 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا جس میں 16 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ پاکستان کو گروپ سی میں بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔

چار مرتبہ کی فاتح بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے مطابق آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کا 13 واں ایڈیشن 17 جنوری 2020 کو جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا، میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئیں ہیں۔ میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میزبان جنوبی افریقہ، پاکستان، بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، نائیجیریا، سکاٹ لینڈ، زمبابوے، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور افغانستان شامل ہیں۔تمام 16 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نائیجیریا اور ویسٹ انڈیز کو رکھا گیا ہے۔ گروپ سی میں پاکستان، بنگلہ دیش، سکاٹ لیند اور زمبابوے شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں افغانستان، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارت ہیں۔ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ 2020 میں اپنا پہلا میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف 19جنوری کو پوچیف سٹروم کی نارتھ ویسٹ یونیورسٹی اوول میں کھیلے گی۔24روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے۔

آئندہ سال 17 جنوری سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کا فائنل میچ 9 فروری کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 22جنوری کو زمبابوے کے خلاف بلوم فونٹین میں کھلے گی۔ گروپ مرحلے میں پاکستان ٹیم اپنے آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف 24 جنوری کو مد مقابل ہوگی۔ ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کیلئے نبردآزمائی کریں گی۔ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری سے شروع ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ 9 فروری کو ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ پاکستان ٹیم اس سے قبل 2004 میں بنگلہ دیش اور 2006 میں سری لنکا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ ٹائٹلز جیت چکی ہے اس کے علاوہ میگا ایونٹ کے 3 ایڈیسشنز میں رنر اپ بھی رہ چکی ہے۔گزشتہ سال نیوزی لینڈ میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت حسان خان نے کی تھی، ایونٹ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کو سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ پہلی بار 1988 میں کھیلا گیا جس کے ہر 2 سال بعد ایونٹ کا انعقاد مستقل بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ ایونٹ کے تاحال 12 ایڈیشنز مکمل ہو چکے ہیں جس میں بھارت سب سے زیادہ چار مرتبہ فاتح رہا۔ آسٹریلوی ٹیم تین مرتبہ، پاکستان دو مرتبہ جبکہ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز ایک ایک مرتبہ میگا ایونٹ کا ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں