پرویز حنیف

وزیراعظم موثر روابط ، مسائل سے آگاہی کیلئے با اختیار فوکل پرسنز تعینات کریں ‘ پرویز حنیف

کراچی (عکس آن لائن) چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف نے کہا ہے کہ حکومتوں کی جانب سے پالیسی بنانے سے قبل اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کاعمل ختم کرنے کے انتہائی منفی نتائج برآمد ہو ئے ہیں ، برآمدی شعبہ خصوصاً ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت اپنے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ہر وقت چیخ و پکار کرتی ہے لیکن حکومت اور اداروں کی سطح پر کوئی شنوائی نہیں ہوتی ،وزیراعظم عمران خان موثر روابط اور مسائل سے آگاہی کیلئے با اختیار فوکل پرسنز کی تعیناتی کریں اور ان سے ہر ماہ رپورٹ طلب کی جائے ۔ وزیر اعظم عمران خان ،مشیر خزانہ حفیظ شیخ ، مشیر تجارت عبد الرزاق دائود اور گورنر اسٹیٹ بینک کے نام لکھے گئے کھلے خط میں پرویز حنیف نے کہا کہ اگر پالیسیوں کے نتائج حاصل کرنا ہیں.

تو سولو فلائٹ کی بجائے مشاورت کے عمل کو فروغ دیاجائے ، صرف اعلانات اور اعدادوشمار بتا دینے سے برآمدی شعبے کے مسائل حل نہیںہوں گے بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے انہیںحل کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اور اسٹیٹ بینک کو بارہا اپنی مشکلات کے حوالے سے آگاہ کر چکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیںہوتی ۔ ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات خالصتاً تکنیکی معاملہ ہیں لیکن اسے سمجھنے کی بجائے رکاوٹیں ڈالنے کیلئے جواز تلاش کئے جاتے ہیں ۔حکومت اوراسٹیٹ بینک سے مطالبہ ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی ایسوسی ایشن کے عہدیداروںکو مدعو کرکے ان کے مسائل سنے جائیں اور انہیں مستقل بنیادوںپر حل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں