اسد عمر

حیدرآباد میں اعلی تعلیمی مواقع میں اضافہ کرنے کی اشد ضرورت ہے،اسد عمر

اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدام اسد عمر نے حیدرآباد یونیورسٹی / انسٹی ٹیوٹ کے قیام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایچ ای سی اور پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے سینئر عہدیداروں کے علاوہ حیدرآباد سے ممبر قومی اسمبلی صابر حسین کیمخانی اور صلاح الدین نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ حیدرآباد میں اعلی تعلیمی مواقع میں اضافہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے کو تیزی سے نافذ کیا جائے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وہ اس منصوبے کی تکمیل تک ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے اجلاس کو ادارہ کے قیام کے لئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چارٹر آف انسٹی ٹیوٹ کی تجویز سی سی ایل سی کو پیش کردی گئی ہے۔ گلستان سرمست (کوہسار زون) میں 80 ایکڑ اراضی اور دستیاب انفراسٹرکچر کی منتقلی کے لئے معاہدے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے اور فروری 2020 کے دوسرے ہفتے تک باضابطہ طور پر اس پر دستخط ہوجائیں گے۔ کنسلٹنگ فرم کی خدمات کا اشتہار دیا گیا تھا اور اس سلسلے میں تجاویز موصول ہوچکی ہیں۔وزیر اسد عمر نے ہدایت کی کہ عمل کو تیز تر کرنے اور اس منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے۔وفاقی وزیر نے ایچ ای سی کو ہائیر ایجوکیشن کے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ اعلی تعلیم کے مواقعوں میں اضافہ کیا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں