ملالہ

6 ماہ سے غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم دیکھ کر شدید غصہ اور مایوسی ہے، ملالہ

لندن(عکس آن لائن)نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے کہاکہ ہے کہ گزشتہ 6 ماہ سے غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم دیکھ کر شدید غصہ اور مایوسی ہے۔

غیرلکی خبررساں ادارے کے مطابق ایکس پر جاری طویل پوسٹ میں ملالہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں نصریہ اور الشفا اسپتال میں اجتماعی قبروں کی دریافت فلسطینیوں پر ظلم کا ایک اور باب ہے، نہیں معلوم فلسطینی یہ تکالیف کس طرح برداشت کر رہے ہیں۔ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ ہم مزید لاشیں، اسکولوں پر بم باری اور بھوک سے تڑپتے بچوں کو نہیں دیکھ سکتے، غزہ میں جنگ بندی فوری اور انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ جنگی جرائم اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیلی حکومت کی مذمت کرتی رہوں گی، اسرائیلی حکومت کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔ملالہ یوسف زئی کا مزید کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کرانے، انسانی امداد کی فراہمی کے لیے عالمی رہنماوں پر زور دیتے رہیں گے، قید رکھا جائے یا یرغمال، معصوم شہریوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کے خلاف ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غزہ کے عوام سے یک جہتی کے لیے ان کیساتھ ہوں، ان کی آواز اور مطالبات سنے جانے چاہئیں، ہمیں اپنے لیڈرز پر زور ڈالنا چاہیے کہ غزہ میں جنگی جرائم رکوائیں اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں