اسلام آباد(عکس آن لائن) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمینویکیشن فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی فائیو جی لائسنسز کی نیلامی کے حوالے سے پالیسی ترتیب دے گی تشکیل شدہ کمیٹی کی سربراہی وزارت آئی ٹی کا رکن کرے گا جبکہ اس میں چاروں ٹیلی کام کی کمپنیوں کے نمائندے اور فریکیوئنسی ایلوکیشن بورڈ کے افسر کریں گے جس کا چند دنوں میں باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمیٹی فائیو جی لائسنسز کی نیلامی کے حوالے سے پالیسی ترتیب دے گی جس میں اس کی فیس اور دیگر معاملات شامل ہوں گے۔اس کمیٹی کو وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے احکامات کی روشنی میں تشکیل دیا جا رہا ہے۔اس ضمن میں وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جس نے فائیو جی کا کامیابی سے ٹیسٹ ٹرائل کیا ہے۔
واضح رہے پاکستان میں گزشتہ سال اگست میں جدید ترین ٹیکنالوجی فائیو جی کی کامیابی سے تجرباتی آزمائش کی گئی تھی۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان میں کام کرنے والی چین کی ایک نجی سیلولر کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ انہوں نے تجرباتی بنیادوں پر فائیو جی ٹیکنالوجی کی کامیابی سے آزمائش کر لی ہے۔چین کی نجی کمپنی کی جانب سے فائیو جی ٹیکنالوجی کی کامیابی سے آزمائش اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کمپنی ملک میں جدید تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے دنیا میں موجود جدید ٹیکنالوجی کو پاکستان میں لایا ہے۔
اس ضمن میں کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی پاکستان کے صارفین کو مستقبل میں آنے والے لامحدود جدید مواقع فراہم کرے گی۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کی جانب سے فائیو جی کے لائسنسز کا اجرا رواں سال نومبر میں ہوگا۔