امن معاہدوں کی پاسداری

5اگست کے اقدام کے جواب میں پاکستان بھارت کے ساتھ امن معاہدوں کی پاسداری نہ کرے:سید علی گیلانی

سرینگر(عکس آن لائن) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے تاشقند ، شملہ اور لاہور معاہدوں کو تحلیل کرنے کی اپیل کی ہے۔

سید علی شاہ گیلانی، جو گھر پر تقریبا ایک دہائی سے نظربند ہیں ، نے کہا ، چونکہ بھارت نے تمام باہمی معاہدوں کو یکطرفہ طور پر ختم کردیا ہے ، لہذا پاکستان کو بھی معاہدہ تاشقند ، شملہ اور لاہور کی تمام شقوں سے دستبرداری کا اعلان کرنا چاہئے۔

92 سالہ بااثر رہنما ، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے ایک خط میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ ایک نازک صورتحال ہے۔ ممکن ہے کہ یہ آپ سے میری آخری اپیل ہو ، خراب صحت اور بڑھاپامجھے دوبارہ آپ سے مخاطب ہونے کی اجازت نہ دیں۔ ”ٹی آر ٹی کے مطابق گیلانی نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان پر زور دیا کہ اسلام آباد بھارت کے ساتھ متعدد امن معاہدوں کی “تمام شقوں” سے دستبردار ہوجائے اور ایل او سی کو دوبارہ جنگ بندی لائن بنایا جائے۔

ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق گیلانی نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی طرف سے جاری خط میں کہاکہ پاکستان کو بھی کنٹرول لائن کو دوبارہ جنگ بندی لائن قرار دیناچاہئے کیونکہ ہندوستان نے اس صورتحال کو پھر سے1947-48 کی صورتحال میں تبدیل کر دیا ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے اور مظلوموں کے حق میں بھارتی فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے بیان کی بھی تعریف کی۔

مرکزی حکومت کے جموں کشمیر کے خصوصی درجے کو ختم کرنے اور اسے دو مرکزی زیر انتظام خطوں میں منقسم کرنے کے فیصلے کے خلاف وادی میں تین ماہ سے زائد عرصے سے غیر اعلانیہ ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں