کراچی(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر و وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ 27 فروری کو ہر صورت گھوٹکی سے کراچی مارچ کریں گے،یہ مارچ سندھ کے نا اہل حکمرانوں کے ایوانوں میں ہلچل مچا دے گا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں سابق وزیر اعلی سندھ و پی ٹی آئی رہنما غوث علی شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری مبین جتوئی بھی موجود تھے ۔ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے غوث علی شاہ کو گھوٹکی سے کراچی مارچ کے حوالے سے تفصیلات آگاہ کیا۔علی زیدی نے کہا کہ یہ مارچ سندھ کے نا اہل حکمرانوں کے ایوانوں میں ہلچل مچا دے گا، کالے بلدیاتی قانون کے خاتمے تک یہ تحریک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری قیادت اس تحریک میں ایک پیج پر ہے، سندھ حکومت کے کالے قانون کے خلاف ہر آپشن استعمال کریں گے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ ہماری جدوجہد سندھ کے غریب عوام کے لیے ہے،سندھ سے مافیا کے خاتمے تک صوبے کی ترقی ممکن نہیں ہے ۔