ہمایوں اختر خان

26مارچ بھی گزر جائیگا ،اپوزیشن ناکامی کا طوق پہنے2023ء میں داخل ہو گی’ ہمایوں اختر خان

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کو بڑے بڑے دعوئوں کے بعد ہر بار ناکامی اور سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے ،26مارچ بھی گزر جائے گا اور اپوزیشن اسی طرح ناکامی کا طوق پہنے 2023ء میں داخل ہو جائے گی ، اپوزیشن نے نام نہاد تحریک میں سوائے اپنی کرپشن کا واویلا کرنے کے ملک اور قوم کیلئے کیا روڈ میپ دیا ہے؟ ۔

اپنے دفتر میں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جو کئی دہائیوں سے اقتدار میں رہے انہوں نے ہر طرح کی ناکامی کا ملبہ ڈھائی سال سے حکومت میں آنے والی جماعت پر ڈال دیا ہے ، کیا عوام اتنے ہی بیوقوف ہیں کہ آپ آنکھوں میں دھول جھونکتے رہیں گے اور عوام آپ کی باتوں پر یقین کر لیں گے۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا قومی سلامتی کے ادارے کو متنازعہ بنانا تشویش کا باعث ہے ، سیاست اپنی جگہ لیکن اس طرح کی باتیں ملک و قوم کی خدمت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی میدان میں وزیر اعظم عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکی تو قومی اداروں پر الزا مات کی بوچھاڑ کر کے اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے بر ملا کہہ دیا ہے کہ کرپشن کرنے والوں سے ان کی شرائط پر ہاتھ نہیں ملایا جا سکتا اور ہم ان کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں