لاہور (نمائندہ عکس) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ 22کروڑ پاکستانیوں کی امیدوں کا مرکز عمران خان ہیں،غلامی کی زنجیریں توڑنے کیلئے عوام کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں،حکومت کے پاس عوام کے مسائل کا حل نہیں سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم سے 90 شاہراہ قائد اعظم پر سیاسی شخصیات کی ملاقاتیں ہوئیں جن میں صوبائی وزیر ملک غضنفر چھینہ، اراکین اسمبلی عرفان نیازی، عامرعنایت، ثانیہ کامران، معظم جتوئی، عبدالحئی دستی، چودھری عدنان، خواجہ داد اور دیگر شامل تھے۔ میاں اسلم نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14 جماعتوں پر مشتمل نام نہاد حکمران اتحاد نے خود کو ریلیف اور عوام کو تکلیف دی، سازش کے تحت آئی وفاقی حکومت کے پاس عوام کے مسائل کا حل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار اب نام نہاد ارسطو کو معیشت ٹھیک کرنے کے لئے امپورٹ کرنے جارہی ہے، اپنی چوری چھپانے کیلئے اقتدار کا سہارا لینے والوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 22کروڑ پاکستانیوں کی امیدوں کا مرکز عمران خان ہیں، حقیقی آزادی اور کرپٹ ٹولے سے نجات کی تحریک آخری مرحلے میں ہے۔ میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لئے عوام کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان مزدور، کسان اور عام آدمی کی مضبوط آواز ہیں۔