اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہاہے کہ 2023 پولیو کے خاتمے کیلئے ایک اہم سال ہے،39 اضلاع میں 60 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیوقطرے پلائے گئے۔ بدھ کو وزارت صحت سیجاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں پانچ سال سے کم عمر کے 60 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو وائرس سے بچا کی مہم اختتام پذیر ہوگئی۔انہوں نے کہاکہ لاہور، فیصل آباد اور جنوبی خیبرپختونخوا کے سات اضلاع بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی وزیرستان، بالائی جنوبی وزیرستان، زیریں جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں مہم مجموعی طور پر ہوئی جبکہ افغانستان سے ملحقہ 30 دیگر اضلاع کے مخصوص یونین کونسلز بشمول افغان پناہ گزین کیمپوں اور ایسے علاقوں میں جہاں آبادی کی کثرت سے نقل و حرکت ہوتی ہے، وہاں مطلوبہ ویکسینیشن کا ہدف حاصل کیا گیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جنوری کی قومی سطح کی ویکسینیشن مہم کے بعد، اس دوسری مہم کا مقصد بچوں کو اضافی تحفظ فراہم کرنا اور پولیو وائرس کو پھیلنے سے روکنا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم پاکستان سے پولیو کا خاتمہ نہیں کر دیتے، پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو اس موذی وائرس کے خلاف قوت مدافعت بڑھانے کے لیے بار بار ویکسین پلانے کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے۔بچوں کی اس موذی وائرس سے حفاظت کے لئے مارچ میں ایک اور مہم ہوگی اور اس سال مزید مہمات بھی ہوں گی کیونکہ ہمیں اپنے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنا نا ہے- وزیر صحت نے کہا کہ یہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے ایک اہم سال ہے کیونکہ ملک کو 2023 میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کیلئے اپنے عالمی عزم کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ فروری کی پولیومہم میں تقریبا 6.3 ملین بچوں کو حفاظتی ویکسین دی گئی۔