کراچی (عکس آن لائن) جاتے ہوئے سال کو الوداع کہتے اور نئے سال 2020 کے نئے سورج کی آمد پر فنکار برادری نے کہا ہے کہ 2019 کے دوران دہشت گردی اور بھارتی جارحیت کیخلاف افواج پاکستان کی حکمت عملی کامیاب رہی اوراس کے اثرات ثقافتی رونقوں کی بحالی کی صورت میں دکھائی دینے لگے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیا سال پاکستانی قوم کے لئے امن و آشتی، خوشحالی، بھائی چارہ، حب الوطنی و یک جہتی کا برس ثابت ہو گا۔ دہشت گردی، بھتہ مافیا، ٹار گٹ کلنگ، بے روزگاری و دیگر مسائل کا خاتمہ ہو گا اور ترقی و کامرانی کی منازل طے کی جائیں گی۔
فنکار نئے عزم و ولولہ اور جذبے کے ساتھ شوبز انڈسٹری کے استحکام کے لئے کام کریں گے۔ندیم نے نئے سال کی آمد کے حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میری دعا ہے کہ2020 ملک و عوام کے ساتھ ساتھ انٹر ٹینمنٹ انڈسٹری کے لوگوں کے لئے خوشگوار تبدیلیوں کا سال بن جائے۔ عدنان صدیقی نے کہا کہ نیا سال فلم انڈسٹری کے استحکام کا برس ہوگا ۔ سجل علی نے 2020میں احد رضا میر سے شادی کی خوشخبری سنائی۔ہمایوں سعید نے کہا فنکاروں اور عام لوگوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع ملیں گے ۔
سید نور نے کہا کہ دعا ہے ملک میں امن و امان کے ساتھ خوشحالی، بھائی چار ے کی فضا، یک جہتی و یگانگت کو فروغ ملے۔ اداکارہ مہوش حیات نے کہا 2020 میرے لئے سماجی خدمات کا سال ثابت ہوگا، شوبز کے علاوہ سماجی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار اداکروں گی۔اداکار شہزاد رضا نے کہا کہ کاش نیا سال پاکستان و بھارت کی دوستی کا سال ثابت ہو، دونوں ملکوں کے درمیان امن و آشتی کا آغاز ہوجائے ۔ معمر رانا نے کہا 2020 فلم انڈ سٹری کے بحران کے خاتمے کا سال ثابت ہو گا۔