ڈی جی نرسنگ پنجاب

2020مریضوں کی بہتر نگہداشت اور بیماریوں سے بچاؤ کا سال ہوگا:ڈی جی نرسنگ پنجاب

لاہور(عکس آن لائن)ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کوثر پروین اور ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال رقیہ بانو نے کہا ہے کہ 2020مریضوں کی بہتر نگہداشت اور بیماریوں سے بچاؤ کا سال ہوگا اور نرسنگ کمیونٹی اس عزم کے ساتھ سال نو کا آغاز کرے گی کہ وہ میڈیکل کے شعبے میں بہتر تعلیم و تربیت کے ساتھ اپنا مرکزی کردار ادا کرتی رہے گی۔

نرسنگ سپرٹینڈنٹ پی آئی این ایس رفعت زاہد اور ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ رقیہ بانو سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی خصوصی دلچسپی کی بدولت پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 4300سے زائد نئی نرسز کی سلیکشن نئے سال کاحکومت کی طرف سے تحفہ ہے جو انتہائی خوش آئند امر ہے۔ ان کی تعیناتی سے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کا معیار مزید بلند و کارکردگی میں بہتری سامنے آئے گی۔

اس موقع پر رقیہ بانو نے نئے سال کے حوالے سے خصوصی کیک کاٹا اور موجود نرسز نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی جبکہ رفعت زاہد کا کہنا تھا کہ طب سے وابستہ ہر فرد بالخصوص نرسیں عوام میں حفاظتی تدابیر اور حفظان صحت کے اصولوں کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں تو مرض کی روک تھام اور صحت مند معاشرہ کی تشکیل میں مدد ملے گی۔
ڈی جی نرسنگ کوثر پروین نے رفعت زاہد اور رقیہ بانو و اُن کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کے شعبے میں نرس کا کردار انتہائی بنیادی نوعیت کا ہے جو کسی بچے کی پیدائش سے لے کر انسان کی موت تک کی چشم دید گواہ ہوتی ہے اور اُسے ہر طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رقیہ بانو نے کہا کہ نرس کی بنیادی تربیت کتابوں اور لیکچرسے نہیں بلکہ اُس کی شخصیت میں پنہاں ہوتی ہے اور مریض کے روبصحت ہونے میں اصل کردار اُس کی دیکھ بھال کرنے والی نرس کا ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوش گفتاری اور نرم لہجے سے مریض کی آدھی بیماری ختم ہو جاتی ہے۔رفعت زاہد اوررقیہ بانو نے نرسنگ کی بہتر تعلیم کے حوالے سے کی جانے والی تبدیلیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نرسز کی پیشہ وارانہ مہارت میں مزید بہتری سامنے آئے گی۔انہوں نے ڈی جی نرسنگ کوثر پروین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنی اور اپنی ٹیم کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں