اسلام آباد (عکس آن لائن) رہنما مسلم لیگ(ن)حنیف عباسی نے کہا ہے کہ اس وقت کسی بھی سیاسی جماعت کیلئے حکومت پھولوں کی سیج نہیں، 16 ماہ کی حکومت کا ڈنکے کی چوٹ پر دفاع کرتا ہوں۔ اتحادی رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نہ ہوتے تو ملک ڈیفالٹ کر چکا ہوتا، پی ٹی آئی کا ہمیشہ سے ہی دھاندلی کا بیانیہ رہا ہے، پوری قوم کو بتایا ہے کہ روز جو دھاندلی کا رونا رویا جا رہا ہے یہ ہمیشہ سے چلا آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا وقت نہیں دیکھا، پاکستان میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے، ملک کو جمہوریت کی طرف لے جانا ہمارا فرض ہے، تمام اتحادیوں کو شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر وزیر اعظم کیلئے 200 ووٹ حاصل کریں گے، 16 ماہ کی حکومت کا ڈنکے کی چوٹ پر دفاع کرتا ہوں، نگران حکومت نے دن رات محنت کی۔ حنیف عباسی نے مزید کہا کہ ملک کو معاشی چیلنجز سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے، آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔