لاہور (عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ 16 ماہ کی حکومت میں اپنی وزارت کی کارکردگی کا دفاع نہایت فخر کے ساتھ کر سکتے ہیں، 16 ماہ میں پی ٹی آئی حکومت میں مفلوج کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا گیا، ملک میں متعدد نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ہدف تنقید بنائے جانے کے بعد سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ صوبہ سندھ کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور فنڈنگ کی گئی، تھر کوئلے کا منصوبہ جس کا بلاول زرداری نے کریڈٹ لیا وہ کاغذوں میں گھوم رہا تھا،
پیپلز پارٹی کے تین ادوار میں اس پر کوئی قابلِ ذکر عمل نہیں ہو سکا، مسلم لیگ(ن)کے دورِ حکومت میں وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر تھر کو سی پیک منصوبوں میں شامل کیا گیا، تبھی یہ خواب حقیقت بن سکا۔
سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا ہے کہ قومی منصوبہ ہونے کی وجہ سے اس کو قومی جذبہ کے تحت صوبائی حکومت کے اشتراک سے آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کیا گیا، اچھا ہوتا اگر بلاول بھٹو زرداری تھر منصوبہ کیلئے وزیر اعظم نواز شریف کے تعاون کا بھی ذکر کر دیتے، میں ادب سے کہوں گا کہ ہمیں طعنوں کی سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے۔