لاہور(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ 13جماعتوں کی اتحادی حکومت نے نو ماہ میں ایسی کون سی بہتری کی ہے کہ وہ کسی طرح بھی حکومت کی طوالت کے خواہش کر رہی ہے ،صوبائی حکومتیں بچانا عمران خان کی ہرگز خواہش نہیں بلکہ ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو بچانا ان کی اولین ترجیح ہے ۔اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وفاقی حکومت میں بیٹھی جماعتیں معیشت کو نہیں بلکہ اپنی سیاست کو ریسکیو کرنے کیلئے عام انتخابات میں تاخیر کی خواہشمند ہیں ، قوم میں اتفاق رائے ہے کہ اگر انہیں مزید وقت دیا گیا تو یہ دیوالیہ کرنے کی رہی سہی کسر بھی پوری کر دیں گے ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ آگاہ کر رہا ہوں گندم کے بعد آنے والے دنوں میں خوردنی تیل کا بحران بھی سر پر ہے ۔ ملک کے جو معاشی حالات ہیں حکومت کے پاس سوائے اس کے کوئی چارہ نہیں کہ آئی ایم ایف کا پروگرام بحال کرایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ کاروبار رات ساڑھے 8بجے بند کرنے کے معاملے پر صوبوں اور تاجرتنظیموں سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی اس لئے اس فیصلے پر شدید تحفظات سامنے آرہے ہیں۔