بیجنگ (عکس آن لائن)
چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے چین ۔جاپان۔ جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ پارک جن سے ملاقات کی۔اتوار کے روز چینی نشر یاتی ادارے کے مطا بق فریقین نے چین اور جنوبی کوریا کے درمیان اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی تصدیق کی اور اس سمت میں آگے بڑھنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔
وانگ ای نے کہا کہ چین جنوبی کوریا کے ساتھ میل جول اور تبادلوں کو مضبوط بناتے ہوئے اور بیرونی مداخلت کو دور کرتے ہوئے اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کی تصدیق کرنے اور اس میں مسلسل نئے موضوعات شامل کرنے کا خواہاں ہے۔ وانگ ای نے نشاندہی کی کہ مکمل صنعتی نظام اوربڑی مارکیٹ کا حامل ملک چین، اعلی معیار کے کھلے پن پر عمل درآمد کر ہا ہے جو چین اور جنوبی کوریا کے مابین باہمی فائدہ مند تعاون کے لئے نئے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کو مشترکہ طور پر اقتصادی مسائل کو سیاسی رنگ دینے، سائنسی اور تکنیکی مسائل کو آلہ کے طور پر استعمال کرنے اور تجارتی امور کو سلامتی کے بہانےکے طور پر استعمال کرنے کے رجحان کی مخالفت کرنی چاہئے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید فروغ مل سکے۔
پارک جن نے کہا کہ جنوبی کوریا چین کے ساتھ ہر سطح پر بات چیت اور رابطوں کو مضبوط بنانے، اقتصادی اور تجارتی تعاون کو گہرا کرنے، سپلائی چین کے استحکام کو برقرار رکھنے، افرادی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کی مسلسل ترقی کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
فریقین نے جزیرہ نما کوریا کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ چین ہمیشہ شمال مشرقی ایشیا میں ایک مستحکم قوت رہا ہے اور جزیرہ نما کوریا کی کشیدگی کو کم کرنے میں ہمیشہ تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔