لاہور(عکس آن لائن) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ یہ سیاست کا وقت نہیں، کرونا پر کنٹرول کر لیا تو یہ حکومت کے ساتھ اپوزیشن کی بھی فتح ہوگی، جو لوگ حکومتی ہدایات پر سنجیدگی سے عمل نہیں کر رہے، وہ اپنے خاندان کو کرونا وائرس کے خطرے سے دوچار کر رہے ہیں
۔گورنر پنجاب چودھری سرور نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ خدا کیلئے یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں متحد ہونے کا ہے، خدانخواستہ کورونا بڑھے گا تو 22 کروڑ پاکستانیوں کا نقصان ہوگا، اپوزیشن اگر سمجھتی ہے کورونا سے صرف حکومت کو نقصان ہوگا تو یہ درست نہیں، کورونا کے معاملات پر اپوزیشن مشورہ ضرور دیں مگر سیاست نہ کر یں، جب کورونا بحران سے نکل آئیں گے تو پھر سب سیاست کریں۔
چودھری سرور کا کہنا تھا عمران خان کی قیادت میں حکومت نے غریبوں کیلئے تاریخی پیکج دیا ہے، کورونا کے خلاف جنگ صرف حکومت کی نہیں سب کی جنگ ہے، عوام نے کورونا کو سنجیدہ نہ لیا تو کورونا کو روکنا ممکن نہیں رہیگا، جب تک عوام گھروں سے نکلتے رہے کورونا مزید پھلتا رہے گا، اگر عوام ایسے ہی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر یں تو یہ ملک و قوم کیلئے خطر ناک ہوگا، حکومت نے کورونا سے بچاو¿ کیلئے بہت مشکل فیصلے بھی کیے ہیں۔