لاہور (عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے برطانوی وزیراعظم رشی سونک کو کار میں سفر کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ہونے والے جرمانے کی خبر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہی قانونی کی حکمرانی ہے جہاں کوئی اس سے بالاترنہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ یہی عمل خوشحال قوموں کو غریب ممالک سے ممتاز کرتا ہے،کوئی این آر او نہیں، کوئی قبضہ گروپ نہیں، کوئی حراستی تشدد نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نظام انصاف کمزور کو تحفظ دیتا ہے، انصاف ریاست مدینہ کی بنیاد تھی۔یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم رشی سونک کوکار میں دوران سفر سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ کردیا گیا، رشی سونک کو گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں کار میں سفر کے دوران گفتگو میں بغیر سیٹ بیلٹ پہنے سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔بعد ازاں غلطی کا احساس ہونے پر برطانوی وزیر اعظم کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری کرتے ہوئے اسے ایک غلطی قرار دیتے ہوئے معذرت کی گئی تھی۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ رشی سونک نے سوشل میڈیا کیلئے ویڈیو بنانے کیلئے کچھ وقت کیلئے سیٹ بیلٹ اتار دیا تھا تاہم اب احساس ہونے پر انہوں نے اپنی غلطی مانتے ہوئے معذرت کی ہے۔