اسلام آباد/مظفر آباد(عکس آن لائن)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی ) کے زیر اہتمام انجینئرنگ میں داخلہ کے لیے انٹری ٹیسٹ (آج)پیر سے شروع ہونگے، ایک روز میں لیے جانے والا انٹری ٹیسٹ کورونا کے باعث 4 روز تک جاری رہے گا۔ترجمان یو ای ٹی کے مطابق انٹری ٹیسٹ پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں 5 سے 8 جولائی تک لیے جائیں گے،انٹری ٹیسٹ میں 33 ہزار 649 امیدواروں کے لیے 110 سینٹرز بنائے گئے ہیں۔
ایک دن میں مختلف اوقات میں 4 گروپس کے ٹیسٹ ہونگے، کورونا کے باعث یونیورسٹی ایک دن کے بجائے 4 دنوں میں امیدواروں کی کم تعداد کرکے ٹیسٹ لے رہی ہے، تمام امیدواروں کے ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔