لاہور(عکس آن لائن) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنا میڈیکل سنٹر بند کر دیا، یونیورسٹی اساتذہ، ملازمین اور اہل خانہ کی میڈیکل سہولیات بند کر دی گئیں۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چیف میڈیکل آفیسر نے میڈیکل سنٹر بند کرنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے اور میڈیکل سنٹر میں دستیاب تمام سہولیات کو اساتذہ و ملازمین کیلئے معطل کر دیا گیا ہے۔
یو ای ٹی کی رہائشی کالونی میں تین ہزار سے زائد افراد رہائش پزیر ہیں جبکہ یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں رہائش پذیر غیر ملکی طلبا کیلئے بھی میڈیکل سہولت بند کر دی گئی ہیں۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شہزاد علی نے دونوں ڈاکٹرز کو چھٹیاں دے دیں اور میڈیکل سنٹر میں تعینات ڈاکٹر حمیرا بتول اور ڈاکٹر اجمل کو بھی چھٹی دے دی گئی ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر نے یو ای ٹی میڈیکل سنٹر کو تالے لگوا دیے ہیں۔
یو ای ٹی میں رہائش پذیر اساتذہ، ملازمین کا میڈیکل سنٹر بند کرنے پر سراپا احتجاج ہیںرہائشی ملازمین کہتے ہیں کہ یو ای ٹی انتظامیہ نے حالیہ میڈیکل ایمرجنسی میں بنیادی سہولیات بھی چھین لی، انتظامیہ دیگر یونیورسٹیوں کی طرز پر میڈیکل سنٹر کو کورونا ٹیلی میڈیسن میں تبدیل کرے ملازمین نے وزیر اعلی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ یو ای ٹی کے میڈیکل سنٹر بند کرنے کا نوٹس لیں۔ میڈیکل سنٹر بند کرنے کے بعد ایمبولینس کو بھی گرانڈ کر دیا گیا ہے۔