سردارایازصادق

یوم تکبیر پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے، سردارایازصادق

اسلام آباد (عکس آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

منگل کو یوم تکبیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ یوم تکبیر کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 28 مئی کے دن ملک خدادا پاکستان کو ایک منفرد اعزاز حاصل ہوا، پاکستان دنیا کا ساتواں اور مسلم دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بن کر ابھرا، یوم تکبیر ملکی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر ہمارے قومی دفاع، خودمختاری اور غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے، 28 مئی کا دن ہمیں اس عظیم کامیابی کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا، یوم تکبیر ہمارے قومی عزم، حوصلے اور اتحاد کی علامت ہے۔ سردار ایاز صادق کاکہنا تھا کہ قوم کو خود انحصاری اور خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے والے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز اور باشعور سیاسی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ یوم تکبیر کے موقع پر قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میاں محمد نواز شریف کی قیادت اور بصیرت کی بدولت پاکستان ایک جوہری طاقت بن کر ابھرا، یوم تکبیر قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کے جرات مندانہ فیصلے کی مرہون منت ہے۔