لندن(عکس آن لائن)ہیری اور اہلیہ میگھن کے امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے متنازع انٹرویو پر شہزادہ ولیم برطانوی شاہی خاندان کی حمایت میں سامنے آگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انٹرویو کے بعد اپنے پہلے ردِعمل میں ہیری کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان بالکل بھی نسل پرست نہیں ہے۔ شہزادہ ولیم نے یہ بھی کہا کہ انٹرویو کے بعد سے ان کی ہیری سے بات نہیں ہوئی لیکن وہ بات کریں گے۔واضح رہے کہ میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کے حالیہ نشر ہونے والے انٹرویو میں میگھن نے شاہی خاندان کے کئی راز افشا کیے ہیں جنہوں نے تہلکہ مچادیا ۔ ہیری اور میگھن مارکل نے امریکی ٹی وی کی میزبان اوپرا کو دیے انٹرویو میں کہا تھا کہ شاہی خاندان کے ایک فرد نے ان کے بیٹے کی پیدائش سے پہلے اس کی رنگت کے بارے میں تحفظات ظاہر کیے تھے۔
میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ وہ آزاد ماحول میں گفتگو کرتے ہوئے اچھا محسوس کررہی ہیں کہ کوئی ان کی ٹوہ میں نہیں ہے، شاہی خاندان کی جانب سے مجھے تحفظ نہیں ملا، شاہی خاندان کو یہاں تک تحفظات تھے کہ شا دی کے بعد ہمارے بچے کی رنگت کتنی کالی ہو گی۔میگھن مارکل نے بتایا کہ شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد مجھے خاموش کرا دیا گیا، نہیں جانتی تھی کہ شاہی خاندان کا فرد ہونا کیسا ہوتا ہے، میں مزید زندہ نہیں رہناچاہتی تھی، میری کردار کشی کی گئی۔ جواب میں شاہی محل کا کہنا تھا کہ یہ دعوی پریشان کن ہے لیکن معاملے کو نجی طور پر ہی حل کیا جائے گا۔ شاہی محل سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ لوگوں کی یادداشتوں میں فرق ہو سکتا ہے لیکن ہیری اور میگھن سے محبت بھرا تعلق ہمیشہ قائم رہے گا۔