ہیری

ہیری اور میگھن ملکہ برطانیہ کے آخری دیدار کیلئے بکنگھم پیلس پہنچ گئے

لندن(عکس آن لائن)برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل ملکہ برطانیہ کے آخری دیدار کے لیے بکنگھم پیلس پہنچ گئے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کنگ چارلس تھری اور شہزادہ ولیم کی جانب سے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے باقاعدہ مدعو کیا گیا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم، کیٹ مڈلٹن، شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اتوار کے روز ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے ونڈسر کیسل کے باہر ایک ساتھ نظر آئے لیکن دونوں شاہی جوڑے وہاں مقررہ وقت سے 45 منٹ کی تاخیر سے پہنچے۔رپورٹ میں دونوں شاہی جوڑوں کے تاخیر سے پہنچنے کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ دونوں شاہی جوڑوں کا آپس کے اختلافات کو ختم کرکے دوبارہ ایک فیملی کی طرح برطانوی عوام کے سامنے پیش ہونے کے لیے مذاکرات کی ضرورت تھی۔

دونوں برطانوی شہزادوں کو ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات پر ایک ساتھ دیکھ کر شاہی خاندان کے مداحوں کو کافی حیرانی ہوئی۔اس حوالے سے شہزادہ ولیم کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ پرنس آف ویلز کا خیال ہے کہ شاہی خاندان اس وقت بہت مشکل وقت سے گزر رہا ہے اس لیے پوری فیملی کا اکٹھے ہونا بہت ضروری ہے۔البتہ موجودہ صورتحال پر شاہی مبصر کرس شپ کا کہنا ہے کہ ونڈسر کیسل کے باہر دونوں برطانوی شہزادوں کے ایک ساتھ نظر آنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اب ان دونوں بھائیوں کے آپس میں اختلافات نہیں رہے۔دوسری جانب، اس حوالے سے کچھ شاہی مبصرین کا کہنا ہے کہ کنگ چارلس اور شہزادہ ولیم کا یہ اقدام ماضی کو تو نہیں بدل سکتا تاہم یہ مستقبل میں پورے خاندان کو اکٹھا کرنے میں مددگار ضرور ثابت ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں