لاہور(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت ہیجان کی کیفیت پیدا ہو چکی ہے اور اس میں طوالت سے ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ،پاکستان موجودہ حالات میں جس سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا سامنا کرنا رہاہے ایسی نازک صورتحال میں ملک کی سب سے مقبول جماعت پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی کوششوں پر قوم کو سخت تشویش لا حق ہے ۔
اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوںیا وفاق کے انتخابات میں تاخیر ملک کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہوگا ، مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق صاف و شفاف انتخابات کرانے کیلئے مقررہ وقت کے اندر انتخابات کے انعقاد کیلئے عملی پیشرفت کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام انتخابات میں عمران خان کو دو تہائی اکثریت دلوائیں گے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ تحریک انصاف کی اقتدار میں واپسی سے ان کی فلاح و بہبود اور ملک کی معاشی ترقی کے منصوبوں کا دوبارہ اجراء ہوگا ۔
انہوںنے کہا کہ اتحادی حکومت اس انتظار میں ہے کہ معیشت ٹھیک ہو گی تو وہ انتخابی میدان میں اتریں گے لیکن حقیقت یہ ہے کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لئے غیر معمولی فیصلے نا گزیر ہیں جو عوامی مینڈیٹ لے کر آنے والی حکومت ہی کر سکتی ہے ۔ تحریک انصاف نے معیشت کو بھنور سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنا ہوم ورک مکمل کر رکھا ہے اور ان شا اللہ عوام کی طاقت سے عمران خان کی قیادت میں حکومت میں آتے ہی اس پر بلا تاخیر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔