کراچی(عکس آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ نے عوام کے ووٹ اور پیٹ پر ڈاکا مارا، کٹھ پتلی کے گھر جانے کا وقت آ گیا، ہمارا عوامی مارچ حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے ،اسلام آباد پہنچ کرحکومت پرحملہ کریں گے ۔ اتوار کو باغ جناح کراچی میں پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے آغاز پر خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا عوامی مارچ حکومت کےخلاف اعلان جنگ ہے،
ہمارا یہ سفر قائد اعظم کے شہر کراچی سے شروع ہو رہا ہے، اسلام آباد پہنچ کرحکومت پرحملہ کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک نالائق نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے حق پر ڈاکا مارا ہے، عمران خان نے معیشت کا بیڑا غرق اور جمہوریت کاجنازہ نکال دیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام کی محنت کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت چلتی ہے لیکن سلیکٹڈ نے عوام کے ووٹ،جیب اور پیٹ پر ڈاکا مارا ، اب وقت آگیا ہے کہ کٹھ پتلی کو جانا ہے، ہم 1973کے آئین کا تحفظ کریں گے، ہم ہر پاکستانی کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔