لاہور(عکس آن لائن )تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے ہفتہ اتوار چھٹی اور مارکیٹیں شام چھ بجے بند کروانے کے فیصلے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلہ سے کاروبارمتاثر ہوگا، مارکیٹوں میں رش کم نہیں بلکہ اور زیادہ ہوجائے گاکیونکہ تھوڑا وقت ہونے کی وجہ سے زیادہ لوگ مارکیٹوں میں خریداری کے لیے جائیں گے جس سے کرونا کم ہونے کے بجائے اور بڑھ جائے گا۔ حکومت کو چاہیے کہ مارکیٹیں چوبیس گھنٹے کھلی رکھنے کا اعلان کرے جس سے لوگ اپنی مرضی کے اوقات کے دوران خریداری کریں گے اور مارکیٹوں میں رش بالکل بھی نہیں ہوگا جس سے سماجی فاصلہ بڑھے گا اور کرونا پر قابو پایا جاسکے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خادم حسین نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے مارکیٹیں کئی ماہ بند رہیں جس کی وجہ سے بے روزگاری بڑھی اور تاجر دیوالیہ ہوگئے۔ اس کے باوجود پچھلے سال عید پر مارکیٹیں بند کردی گئیں اور اب جب رمضان المبارک کی آمد ہے حکومت نے مارکیٹیں چھ بجے بند کرنے اور ہفتہ اتوار مارکیٹیں بند کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں جس سے حالات بہتر ہونے کے بجائے اور خراب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مارکیٹوں کے کم اوقات کا مطلب یہ ہے کہ گاہک افراتفری کے عالم میں مارکیٹوں میں جائیں گے جس سے بہت زیادہ رش ہوجائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ تاجروں کو بھاری نقصان سے بچانے اور کرونا کا پھیلائو روکنے کے لیے مارکیٹیں چوبیس گھنٹے کھولنے کا اعلان کیا جائے۔