واشنگٹن /بیجنگ(عکس آن لائن)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہانگ کانگ میں مظاہرین کی حمایت میں بل کی منظوری دے دی، چین نے بل کی منظوری پر اظہار مذمت کرتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کا اعلان کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے بیان میں کہا ہے کہ ہانگ کانگ مظاہرین کی حمایت میں بل امریکی عوام کے جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی عمل داری کے ساتھ عزم کا اعادہ ہے،بل متفقہ طور پر ایوان بالا سے بھی منظور کرلیا گیا ہے۔
امریکی صدر نے بل پر دستخط کے بعد جاری بیان میں کہا کہ انہیں امید ہے چین اور ہانگ کانگ دیرپا امن اور خوشحالی کے لیے باہمی تفرقات کو ختم کرسکیں گے۔ہانگ کانگ مظاہرین کے حق میں امریکی بل کی منظوری پر چین نے شدید ردعمل دیتے ہوئے جوابی اقدامات کااعلان کیا ہے، چین کا کہنا ہے کہ امریکی بل انتہائی مکروہ اور مذموم عزائم لیے ہوئے ہے۔واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں گزشتہ 6 ماہ سے مظاہرے جاری ہیں۔