ہائیکورٹ

ہائیکورٹ کااسموگ کے سبب شہر کے تمام اسکولوں ،کالجوں کو مزید 7روز کے لیے بند کرنے کا حکم

لاہور ( عکس آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ کے سبب شہر کے تمام اسکولوں اور کالجوں کو مزید 7روز کے لیے بند کرنے کا حکم دیدیا۔لاہور ہائی کورٹ میں اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اسموگ کی وجہ سے تعطیلات بڑھائی جائیں۔عدالت نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے لاہور کے تمام اسکولوں اور کالجوں کو مزید 7 روز کے لیے بند کرنے کا حکم دے دیا۔پیمرا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے سٹیلائٹ چینل پر اشتہارات چلانے کے لیے چینل مالکان کو خطوط لکھ دیئے ہیں۔جس پر عدالت نے کہا کہ ہم نے اسموگ کو کافی حد تک کنٹرول کیا ہوا ہے، اسموگ کی روک تھام حکومت کی ذمہ داری ہے۔

عدالت نے درخواست پر سماعت اگلے جمعہ تک ملتوی کر دی۔خیال رہے کہ 7 دسمبر کو حکومتِ پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں اسموگ کی موجودہ صورتحال کے سبب شہر کے تمام اسکولز و دفاتر ہفتے میں 3 روز بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں 24دسمبر 2022 سے 2جنوری 2023 تک موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔عدالتِ عالیہ کے حکم کے بعد لاہور کے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات اب 9 جنوری تک ہو گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں