ڈیرہ اسماعیل خان(عکس آن لائن) گومل یونیورسٹی کے سٹی کیمپس میں خواتین کے اندر چھاتی کے کینسر کے حوالے سے انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈنیوٹریشن نے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا اس موقع پر چیئرمین فوڈ اینڈ نیوٹریشن ڈاکٹر صدف جویریہ’دینار ہسپتال کی میڈیکل آفیسر اور نیوکلیئر فزیشن ڈاکٹر زہرا رحمان’دینار ہسپتال کے فارماسسٹ ڈاکٹر سعد عبداللہ سمیت گومل یونیورسٹی سٹی کیمپس کے مختلف شعبہ جات کی خواتین اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد شریک تھی۔ڈاکٹر زہرا رحمن اور ڈاکٹر سعد عبداللہ نے خواتین میں چھاتی کے سرطان کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں چھاتی کے سرطان میں اضافہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ اس بیماری کے بارے میں مکمل آگاہی نہ ہونا ہے ۔
خواتین میں پایا جانے والے چھاتی کا سرطان لاعلاج نہیں اس کی بروقت تشخیص سے اس بیماری کا علاج ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر کا مہینہ چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے حوالے سے منایا جاتا ہے لہٰذا آج کا آگاہی سیمینار بھی اس کی ایک کڑی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین میں اس کی آگاہی ہو سکے اور کئی زندگیاں ضائع ہونے سے بچ جائیں اس موقع ڈاکٹر زہرا نے خواتین کو چھاتی کے سرطان جیسی موذی مرض سے بچا ئوکے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔