گوجرانوالہ(عکس آن لائن ) صوبے میں ناقص اشیائے خوردونوش کی تیاری پر گوجرانوالہ میں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں فیکٹریوں، ریستورانوں اور دکانوں کیخلاف آپریشن کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی کے دوران فوڈ اتھارٹی کے عملے نے10فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی، اس موقع پر 3نمکو فیکٹریاں،2فوڈ پوائنٹس سیل کرکے ایک کی پروڈکشن بند کردی۔اس کے علاوہ14ہزار180کلو ناقص نمکو،3ہزار325کلوبیسن اور1260لیٹر گندہ کوکنگ آئل تلف کردیا گیا، عملے نے 200کلو ناقص چاول آٹا،200کلو کھلے اور بدبودار مصالحہ جات اور30کلو کھلا رنگ بھی ضائع کردیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ناقص اجزا سے نمکو تیار کرنے پر اروپ ٹان اور سوئی گیس روڈ پر2نمکو فیکٹریاں سیل کردیں۔
سردار ٹان نندی پور میں پروڈکشن یونٹ اور چوک تھلے والابازار میں دہی بھلے کی دکان اور قلعہ دیدار سنگھ میں فش فرائی شاپ کو گندہ تیل استعمال کرنے پر سیل کردیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق آپریشن کے دوران دو فش فرائی پوائنٹ، چرغے والے اور ایک ریسٹورنٹ کو ناقص انتظامات پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ معیار میں مزید بہتری کے لیے6فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔