فیصل آباد(عکس آن لائن)ماہرین زراعت نے مڈھوں میں موجود گڑوؤ ں کی سوئی ہوئی سنڈیوں کی تلفی کے لئے کماد کی فصل کو ایک انچ تک گہرا کا ٹنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کماد کی فصل کی کٹائی کرتے وقت گنے کو زمین کی سطح سے آدھا تا ایک انچ گہرا کاٹا جائے کیونکہ اس سے زیر زمین پڑی آنکھیں زیادہ صحت مند ماحول میں پھوٹ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کماد کی کٹائی گنے کی اقسام اور فصل کے پکنے کے عمل کو مد نظر رکھ کر کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار پہلے ستمبر کاشت، مونڈھی فصل اور اگیتی پکنے والی اقسام برداشت کریں اس کے بعد درمیانی اور دیر سے پکنے والی اقسام برداشت کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ چوہے کے حملے اور گرنے کی صورت میں متاثرہ فصل کو پہلے کاٹا جائے اور گنے کی کٹائی سے قبل آبپاشی کا سلسلہ بھی بند کر دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گنا کاٹنے کے بعد جلد از جلد قریبی شوگر ملز کو سپلائی کر دیا جانا بھی ضروری ہے تاکہ وزن اور ریکوری میں کمی نہ آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جن کھیتوں میں مونڈھی فصل نہ رکھنی ہو اس کھیت کو فوراً تیار کرکے گندم کی کاشت کا عمل مکمل کر لیا جائے تاکہ گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ نہ رہے۔