فیصل آباد (عکس آن لائن) ماہرین زراعت نے کہا کہ گندم کی کاشت کے دوران سفارش کردہ مقدار میں بیج کی کاشت سے جڑی بوٹیوں کو پھلنے پھولنے سے روکا جا سکتاہے لہٰذاکاشتکار بیج کی مقدار میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں ۔
انہوں نے کہاکہ اگر کھیت میں گندم کے پودے زیادہ ہوں گے تو جڑی بوٹیوں کو پھلنے پھولنے میں مدد نہیں ملے گی اس طرح جڑی بوٹیاں از خود ختم ہوجائیں گی تاہم اگر بیج کی شرح مقرر کردہ سفارش سے کم رکھی جائے تواس سے گندم کے پودے کم ہونے کے باعث خالی جگہوں پر جڑی بوٹیوں کو افزائش کا موقع مل سکتاہے جس سے کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان کاسامنا بھی کرناپڑسکتاہے۔
انہوں نے کہاکہ گندم کی منظور شدہ ترقی دادہ اقسام کا بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈپوؤں اور ڈیلروں سے وافر مقدار میں دستیاب ہے لہٰذا کاشتکارحکومت کی مہیا کردہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور صرف تصدیق شدہ بیماریوں سے پاک بیج ہی استعمال کریں۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکار اچھی شہرت کی حامل پرائیوٹ سیڈ ایجنسیز کی طرف سے بھی فراہم کردہ معیاری اور بیماریوں سے پاک بیج استعمال کرسکتے ہیں ۔