فیصل آباد (عکس آن لائن)ماہرین زراعت نے گلاب کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے پانی کے سپرے کی ہدایت کی ہے اور کاشتکاروں سے کہاہے کہ وہ گلاب کی فصل کو جوؤں اور رس چوسنے والے کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے 4سے 5دن کے وقفہ سے پانی کا سپرے کریں تاکہ گلاب کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچایاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ گلاب کی پیوندکاری کیلئے نرسری میں روٹ سٹاک کو بھی چیک کرنا اشد ضروری ہے ۔
انہوں نے کہاکہ تنے کمزور محسوس ہونے کی صور ت میں کاشتکاراضافی کھاد کا چھٹا لگاکر فصل کی آبپاشی کریں اور روٹ سٹاک پر بھی ٹی بڈنگ کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پودوں کی بروقت شاخ تراشی اور جڑی بوٹیوں کی تلفی سے بھی بہترین فصل کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر فصل پر بظاہر کوئی منفی اثرات مشاہدے میں نہ آئیں تو 30ستمبر تک پانی کاوقفہ 8سے10روزتک بھی بڑھایا جاسکتاہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر نقصان دہ کیڑوں کاحملہ ہو جائے تو اس صورت میں 20کلوگرام امیڈا کلوپرڈ کو 100لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کرنے سے مالی نقصان سے بچا جا سکتاہے۔