اسلام آباد (عکس آن لائن) گزشتہ مالی سال کے دوران بینکنگ ڈیپازٹس میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے،
اس دوران قرضوں کی فراہمی میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کے تجزیہ کار
فواد بشیر نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال 2020ء کے دوران بینکنگ ڈیپازٹس کا
حجم 12 فیصد اضافہ سے 16.23 کھرب روپے تک بڑھ گیا جبکہ قرضوں کی فراہمی میں ایک فیصد اضافہ
سے 8.2 کھرب روپے تک برھی ہے۔ کووڈ۔19 کی صورتحال کی وجہ سے مجموعی معاشی سرگرمیوں
میں سست روی کی وجہ سے قرضوں کی فراہمی کی شرح میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا
کہ تین سال قبل ڈیپازٹس کی شرح نمو میں 11 فیصد تاریخی اضافہ ہوا تھا اور گزشتہ مالی سال کے دوران
اس میں 10 تا 11 فیصد اضافہ کی توقع کی جا رہی تھی تاہم دوران سال ڈیپازٹس کی شرح میں 12 فیصد
اضافہ خوش آئند ہے جس سے ملک میں بچتوں کی شرح کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ رپورٹ کے
مطابق گزشتہ مالی اسل کے دوران انویسٹمنٹ ٹو ڈیپازٹس کی شرح بھی 53 فیصد کے مقابلہ میں 66 فیصد
تک پہنچ گئی جبکہ مارچ 2020ء کے خاتمہ پر یہ شرح 61 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔