لاہور(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ایک طرف عوام کے پاس دو وقت تو دور ایک وقت کی بھی روٹی کھانے کے پیسے نہیں جبکہ بند کمروں کے فیصلوں کے نتیجے میں چوروں کو گرینڈ این آر او دے کر کرپشن پر ان کی ضبط کی گئی جائیدادیں واپس اور اکائونٹس بحال کئے جارہے ہیں،عمران خان نے اپنی سیاسی جدوجہد سے عوام کو شعور دیا ہے اور وقت آنے پر ملک کے خزانے سے کی گئی ڈکیتیوں پر ضرور احتساب کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے عوامی رابطہ مہم کے دوران مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولہ یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ انہوںنے حکومت سنبھال کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے جو سراسر غلط بیانی ہے انہیں یہ کہنا چاہیے کہ ہم نے اپنے آقائوں کی مدد سے حکومت سنبھال کر ملک کو دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچادیا ہے کیونکہ عوام حقیقت سے آگاہ ہیں اس لئے ان کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جاسکتی ۔ انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم کابینہ کے وزراء کو چیلنج ہے وہ ہمارے پونے چار سال اور اپنی دہائیوں کی حکومتوں کی معیشت کے حوالے سے جس پلیٹ فارم پر چاہیں مناظرہ کرلیں انہیں سوائے سبکی کے کچھ حاصل نہیںہوگا۔