لاہور(عکس آن لائن)تر جمان پنجاب حکومت ڈاکٹر شاہد صد یق نے کہ ہے کہ گرانفروشی سے عوام کا استحصال نہیں ہونے دینگے ، وزیر اعلی پنجاب نے محکموں کوگرانفروشی کی روک تھام کیلئے سخت ایکشن لینے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں،عوام سے اپیل ہے کہ دکانداروں کو سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد ہرگز ادائیگی نہ کریں۔
اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ صوبے میں اشیائے خوردونوش کی کوئی قلت نہیں، روز مرہ ضرورت کی اشیا، پھلوں اور سبزیوں کی طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کی گئی تھی جس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔
انہو ں نے کہاکہ ناجائز منافع خور کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کی اصل جگہ سلاخوں کے پیچھے ہے،رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے،اشیا کی سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔