کرائسٹ چرچ (عکس آن لائن )نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے پاکستان اور بنگلادیش کی ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی مشکل ٹیمیں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل مقابلے کی کرکٹ کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔انہوںنے کہاکہ ٹی ٹونٹی کی دو اچھی ٹیموں پاکستان اور بنگلادیش کے خلاف کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، ورلڈ کپ سے قبل مقابلے کی کرکٹ کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سہ ملکی ٹورنامنٹ کے بعد وارم اپ میچز بھی ہیں، ہمیں میگا ایونٹ سے قبل اس سے بڑی مدد ملے گی۔
نیوزی لینڈ کے آل رائونڈر مچل سینٹنر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں بہت اچھی ہیں، ہمیں ان کے خلاف کھیل کر مومنٹم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔مچل سینٹنر نے مزید کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں اچھے کھلاڑی شامل ہیں، ہر شعبے پر توجہ دی ہے۔نیوزی لینڈ، پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز 7 سے 14 اکتوبر تک کرائسٹ چرچ میں کھیلی جائے گی۔سیریز میں پاکستان اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگال ٹائیگرز کے خلاف کھیلے گا جبکہ سیریز کا فائنل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے جس کے بعد قومی ٹیم 15 اکتوبر کو آسٹریلیا پہنچے گی۔