اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کی ہارٹی کلچرایکسپورٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین چوہدری احمد جواد نے کہا ہے کہ کینو کی قیمت خرید ایک ہزار روپے فی ٹن مقرر کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، برآمدات کنند گان کی جانب سے کاشتکاروں سے کینو کی قیمت خرید میں اضافے سے برآمدات کے فروغ اور کاشتکار طبقے کے اعتماد کی بحالی میں مدد ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک بیان میں کیا۔انھوں نے کہا کہ کینو کا برآمدی سیزن یکم دسمبر سے شروع ہو رہا ہے ،سی پیک کے تحت پاک چین تجارتی روابط کے فروغ سے رواں سیزن کے دوران کینو کی برآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور چین پاکستانی کینو کی ایک بڑی برآمدی منڈی ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کینو کے کاشتکار سے کینو کی قیمت خرید کے تنازعے کے خاتمہ کیلئے انتظامیہ اور اراکین پارلیمان کی کاوشیں قابل قدر ہیں جن کے نتیجے میں قیمت خرید کو بڑھا کر ایک ہزار روپے فی من مقرر کیا گیا ہے جس سے نہ صرف برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ کاشتکاروں کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کینو کی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ متوقع ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ کمانے کے ساتھ ساتھ دیہی معیشت کی ترقی اور استحکام میں بھی مدد ملے گی۔