لاہور(عکس آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ممیا شاجعفر نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے شروع میں ہی ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران مجھے ہراساں کیا گیا، بار بار جسم کو چھوا گیا۔ایک انٹرویومیں انہوںنے بتایاکہ اصل نام ماہم شاہد خان جعفر خان شیواری ہے جو کہ بہت طویل ہے اس لیے انہوں نے اپنا مختصر نام ممیا شاجعفر رکھا۔ممیا شاجعفر نے بتایا کہ انہوں نے اداکاری کے آغاز سے قبل ہی شادی کرلی تھی اور انہوں نے اپنے کلاس فیلو لڑکے سے 25سال کی عمر میں شادی کی تھی۔
کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ممیا نے کہا کہ سب سے پہلے انہیں شاہنواز خاقان نے کالج گیٹ ڈرامے کا سکرپٹ بھیج کر ان سے موبائل فون پر آڈیشن کی کلپ بھیجنے کو کہا، جس کے اگلے ہی روز انہیں ڈرامے کی کاسٹ کے لیے منتخب کیا گیا۔انہوں نے شوبز میں آنے اور کام کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیاکہ انہیں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ہراسانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
ممیا شاجعفر کے مطابق انہیں ایک اداکار شوٹنگ کے دوران غیر ضروری طور پر بار بار چھوتے رہے جس پر انہوں نے غصے میں آکر اداکار کو جھاڑ پلادی۔انہوں نے بتایاکہ ان کی جانب سے جھاڑ پلانے پر اداکار نے پروڈیوسر کو شکایت لگائی اور کہا کہ اداکارہ نے انہیں گالی دی ہے۔اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ واقعے کے بعد وہ محتاط ہو گئیں اور انہوں نے اداکاروں سمیت پروڈیوسرز و ہدایت کاروں سے دور رہنا شروع کیا۔