ممبئی(عکس آن لائن) سیف علی خان نے کہاہے کہ میرے کیرئیر میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب کوئی بھی ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سیٹ پر شراب پی کر آنے کے الزامات کی وجہ سے مجھے کام نہیں دیتا تھا ۔بالی ووڈ کے چھوٹے نواب اداکار سیف علی خان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اپنے کیرئیر کے شروعات میں فلم کی شوٹنگ کے دوران شراب پی کر سوتے رہتے تھے اور کام کیلئے بالکل بھی سنجیدہ نہیں تھے۔تاہم اب سالوں بعد سیف علی خان نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کے بارے میں یہ افواہیں پھیلائی گئیں کیونکہ انہیں ایک اقربا پروری کا حامل اداکار کہا جاتا تھا کیونکہ ان کی والدہ مشہور اداکارہ تھیں۔چھوٹے نواب کو پورے کیرئیر کے دوران کبھی والدہ شرمیلا ٹیگور کی سفارش قرار دیا گیا تو کبھی اداکاری کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب کوئی ان کے ساتھ کام ہی نہیں کرنا چاہتا تھا۔سیف علی خان نے بتایا کہ 1992میں انہیں راہل راول کی فلم بے خودی آفر ہوئی تھی، فلم میں کاجول ان کے مدمقابل تھیں۔
اس دوران یہ خبر پھیلائی گئی کہ میں فلم کو لے کر سنجیدہ نہیں ہوں، میں سیٹ پر پی کر آتا ہوں اور سارا دن سوتا رہتا ہوں۔اداکار نے کہا کہ یہ سب باتیں اب پرانی ہوچکی ہیں لیکن اس وقت ان افواہوں نے مجھے بہت پریشان کیا تھا۔ سیف علی خان نے کہا کہ ان سب افواہوں سے نہ صرف سب کے سامنے میری امیج خراب ہوئی بلکہ مجھے فلموں کی پیشکش بند ہو گئیں اور یہ سب میرے لئے کافی پریشان کن تھا۔