فیصل آباد (عکس آن لائن)جامعہ زرعیہ فیصل ۱ٓباد کے ہیلتھ نیوٹریشنسٹس نے کہاکہ کھمبی میں 30 سے 35 فیصد تک پروٹین، 25 سے 30 فیصد تک وٹامن ڈی اور دیگر وٹامنز بھی ہوتے ہیں جبکہ کھمبی میں موجود کیلشیم، فاسفورس، دیگر نمکیات بھی انسانی جسم کیلئے انتہائی مفید ہیں نیزاس میں نشاستہ اور روغنیات بہت کم مقدار میں پائے جاتے ہیں جس کی بنا پر یہ شوگر اور دل کے امراض میں مبتلا مریضوں سمیت غریب لوگوں کیلئے مثالی غذا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کھمبی کی بے شمار اقسام اس وقت تک دریافت ہوچکی ہیں جن میں 150 اقسام کھانے کے قابل ہیں جن میں سے 50 کے قریب بے حد لذیذ،50 درمیانے درجے کی ذائقہ دار اور 50 کم لذت کی حامل ہیں جن کی بیرون ملک برآمد کے ذریعے ہزاروں افراد ملک کیلئے کروڑوں روپے کا قیمتی زرمبادلہ کما رہے ہیں لہٰذا اگر حکومت کھمبی جسے غذااور دوادونوں طریقوں کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے کی کاشت کی حوصلہ افزائی کرے تو اس سے مزید بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جو خواتین اپنے آپ کو سمارٹ رکھنا چاہتی ہیں وہ کھمبی استعمال کر کے ڈائٹنگ کئے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کھمبی دیگر غذائی اعتبار اور اپنے اجزاکے باعث انسان کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوئی ہے۔