لاہور(عکس آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے ڈومیسٹک کرکٹ
میں بہتری کے لیے اقدامات شروع کردئیے۔اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا ہے کہ نئے طریقہ کار سے
ڈومیسٹک کرکٹ کے 88 فیصد کھلاڑیوں کی آمدنی بڑھے گی۔ندیم خان نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کا کنٹریکٹ کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا،
ڈومیسٹک میچز کی تعداد بڑھائی ہے، قومی ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر ہوگا۔
پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ جدید دور کی کرکٹ سے بہت پچھے رہ گئی ہے،
اس فرق کو دور کرنے کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر بنایا گیا ہے چھ ماہ میں اچھے نتائج ملنے لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ماضی میں کام نہیں ہوا جو لوگ اکیڈمی کے ساتھ وابستہ رہے انہوں نے اچھا کام کیا .
اور پاکستان سے اچھے کھلاڑی سامنے آئے لیکن سب نے یہ نوٹ کیا کہ ماڈرن ڈے کرکٹ اور پاکستان کرکٹ میں بہت فرق ہے .
ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ندیم خان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کو دیکھ لیں سب یہی کہیں گے.
کہ ہم میں اور دنیا میں بہت فرق ہے اسی فرق کو کم کرنے کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر بنایا گیا ہے،
ہم نے جلد از جلد اس فرق کو کم ہی نہیں ختم کرنا ہے اور اوپر جانا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ پہلے بھی کوچز تھے لیکن اب کوشش کی گئی ہے کہ ہر فیلڈ کے لیے ایک ماہر شخص کو مختص کیا جائے،
ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ ثقلین مشتاق مقامی کوچز کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کی شناخت کریں گے اور انہیں نکھاریں گے۔