جرائم پیشہ گروہوں

کچے کے میں جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف آپریشن کے لئے اضافی فنڈز کی فراہمی پر غور

لاہور(نمائندہ عکس)صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے لا ء اینڈ آرڈر کے اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ اور متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے سکھ مت کے بانی بابا گورونانک جی کے 553 ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات اور سکیورٹی پلان کی منظوری دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بھارت سے 3 ہزار اور اندرون ملک سے 10 سے 15 ہزار سکھ اور ہندو یاتری جنم دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ بابا گورو نانک جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب 8 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی۔ یاتریوں کی آمد 6 نومبر سے شروع ہو جائے گی اور یہ لوگ مذہبی رسوم کی ادائیگی کے لئے فاروق آباد، لاہور، ایمن آباد، حسن ابدال اور کرتار پور صاحب بھی جائیں گے۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں سکھ یاتریوں کو ہر مقدس مقام پر تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔کابینہ کمیٹی نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے)کو نئے آلات کی خریداری کے لئے اضافی گرانٹ کی درخواست سالانہ سپلیمنٹری بجٹ میں شامل کرانے کی ہدایت کی جبکہ کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف آپریشن کے لئے اضافی فنڈز کی فراہمی پر بھی غور کیا۔

صوبائی وزیر راجہ بشارت نے کہا کہ کچے کے علاقے میں دو اضلاع رحیم یار خان اور راجن پور سے 1675 پولیس نفری تعینات کی گئی ہے۔ پنجاب پولیس نے کابینہ کمیٹی سے حالیہ ضمنی انتخابات کے اخراجات کی منظوری کی درخواست کی جس پر کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ اس فورم میں صرف ہنگامی نویت کے اخراجات منظوری کے لئے پیش کئے جا سکتے ہیں۔ پنجاب پولیس ضمنی انتخابات کیلئے پنجاب حکومت سے رجوع کرے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ داخلہ کے پیرول بورڈ میں پیرول پر رہائی کے لئے 100 درخواستیں منظوری کے لئے آئیں جن میں سے 34 درخواستیں منظور کر لی گئی ہیں۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ پیرول بورڈ کا 100 میں سے 46 درخواستیں مسترد کرنا مناسب نہیں۔ پیرول پر قیدیوں کی رہائی کے ذریعے جیلوں پر بوجھ کم کرنا ہوگا۔ کابینہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ صوبائی پیرول بورڈ کی تشکیل نو کر کے اس میں پولیس، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کو بھی نمائندگی دی جائے۔ راجہ بشارت نے کہا کہ میرٹ پر پورا اترنے والے قیدیوں کو قانون کے تحت پیرول پر رہائی کا حق ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں