لاہور(عکس آن لائن )ناموراداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ کچھ لوگ محبتیں اورآسانیاںبانٹنے کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اوریہ لوگ قیمتی موتیوں کی مانند ہوتے ہیں،نہ جانے ہم کیوں دوسرے کو روند کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔ ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ مجھے بعض اوقات ایسا لگتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں ہر کسی کو صرف اپنی فکر ہے اوروہ آگے بڑھنے کے لئے کسی کو بھی اپنے پائوں کے نیچے روندنے کے لئے تیار ہے ۔
کیااس طرح حاصل کی گئی کامیابی اور خوشی سے کسی کو دل کا اطمینان مل سکتا ہے ۔ ریشم نے کہا کہ دوسروں کا سہارا بننے کی کوشش کیجیے اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کریں اور یہی رب کی ذات کی خوشنودی حاصل کرنے کا آسان ترین ذریعہ ہے ۔ متکبر شخص کو کوئی پسند نہیں کرتا اور ایک وقت ایسا آتا ہے کہ ایسے رویے کے حامل لوگ تنہا رہ جاتے ہیں جبکہ اخلاق اور محبت سے پیش آنے والوں کا وسیع حلقہ احباب ہوتا ہے اور ایسے لوگوں کے لئے خودہی دل سے دعائیں نکلتی ہیں۔