ہمایوں اختر خان

کچھ لوگ صرف پگ کی فکر میں ہیں،انہیں علاقے ،عوام کی تعمیر و ترقی ،خوشحالی سے کوئی سرو کار نہیں، ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ( عکس آن لائن)استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 97سے امیدوار ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ کچھ لوگ صرف پگ کی فکر میں ہیںانہیں علاقے اور عوام کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی سے کوئی سرو کار نہیں، مختلف علاقوں کی ابتر صورتحال کو دیکھا جائے تو یہاں کے لوگ ایک صدی پیچھے ہیں ، ہم حلقے اور اس کی عوام کی بد حالی کو خوشحالی میں بدلنے کا عملی منشور لے کر آئے ہیں،ٹھیکیدار وں کی سیاست کرنے والے یہاں سے رفو چکر ہو جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے انتخابی مہم کے سلسلے میں چک نمبر496میں رانا عمر نمبردار،رائو ساجد تحسین، رائو عبد الحق ،چک نمبر490میں سابقہ ناظم رانا سعید، رائو خضر حیات کے ڈیروںپر علاقہ عمائدین اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مختلف برادریوں نے انتخابات میں ہمایوں اختر خان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایم تھری کے ساتھ انڈسٹریل زون کے قیام کے لئے بلا تاخیر کوششوںکا آغاز کریںگے ، یہ ایک انقلابی منصوبہ ہوگا جس سے علاقے کی قسمت بدل جائے گی ، مختلف صنعتیں لگنے سے نہ صرف علاقے میںمعاشی سر گرمیاں عروج پکڑیں گی بلکہ ہزاروں کی تعداد میں نوکریاں پیدا ہوں گی ۔

میرا عزم ہے کہ اس علاقے میںآئی ٹی سنٹرز بنائیںگے جس سے علاقے کو الگ پہچان ملے گی ، بڑی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کو یہاں لایا جائے گا جس سے ہمارے نوجوان بہترین روزگار کما سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پکی گلیاں، سیوریج کا نظام اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی آپ کا بنیادی حق ہے اس کے لئے کوئی کسراٹھانہیں رکھی جائے گی ، بہترین معیار کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر یقینی بنائیںگے ، ہم نے ہر یونین کونسل کی سطح بچوں اوربچیوں کے لئے سرکاری سکولز بنانے ہیں، سرکاری علاج گاہیں بنانی ہیں، معیاری ہسپتالوں اور کالجز کی تعداد بڑھانی ہے ، لڑکیوں کے لئے دستکاری سکول بنانے ہیں ۔

نوجوانوں کو بغیر سود کے آسان شرائط پر قرضے دلوائیں گے تاکہ وہ اپناکاروبار شروع کر سکیں ، یہی طریق کار کسانوں کے لئے بھی ہوگا ، انہیں وئیر ہائوسز کے ذریعے خوشحال کریں گے ،کسان ہماری خوراک اور صنعتوں کی ضروریات پوری کرتا ہے اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ میں اسلام آباد پہنچ کر آپ کو بھول جائوں گا بلکہ ہر جمعہ اسلام آباد میں پڑھ کر ہفتے والے دن آپ کے پاس پہنچوں گا اورجو وعدے کئے ہیں ان کی تکمیل کی خود نگرانی کروں گا۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ میں قبضہ مافیا نہیں ہوں، تھانے اور پٹواریوں کے ذریعے دھونس اور دھمکی کی سیات نہیں کرتا، میں نے ہمیشہ غریب پرور ہوں اور ان کو حقوق دلانے کی سیاست کی ہے ، میرے والد جنرل اختر عبد الرحمن شہید کے نام پر قائم ادارے ہزاروں لوگوں کی مدد کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ میرا خاندان بھی تقسیم ہند کے وقت ہجرت کر کے یہاں آ کر آباد ہوا ، میرا اس علاقے سے تین دہائیوں سے زائد کا دیرینہ تعلق ہے ، یہاں کچھ لوگوں کو پگوں کی فکر ہے کہ پگ ادھر اُدھر نہ ہو جائے ،انہیں علاقے اور عوام کی خوشحالی سے کوئی سروکار نہیں ۔

عوام سوال کرتے ہیں یہاں کی پگ پہننے والوں کوجو فنڈز ملے اس کے پیسے کہاں گئے کیونکہ عوام کی حالات میں تو رتی برابر فرق نہیں پڑا ،ٹھیکیدار وں کی سیاست کرنے والے یہاں سے دوڑ لگائیں ،میں ایک شہید جرنیل کا بیٹا ہوں میں اپنے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوں ، میرے ساتھیوں، سپورٹرز اور ووٹرز کو کسی طرح کی دھمکی نہ دی جائے، میں نے اپنی بقایا کی سیاست اس علاقے کے لئے وقف کر دی ہے، میں آپ کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوںگا ، آپ میرا ہاتھ تھامیں میں آپ کا ہاتھ تھاموں گا ، ہم ایک دوسرے کا ہاتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں