اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ کچھ دنوں میں پتہ چل جائے گا کہ بہت بڑے پیمانے پر فنڈنگ ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر اکبر ایس بابر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے معاشی ماہر نے ہماری جائزہ رپورٹ پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ وہ دلائل دینگے، اس کے بعد ہمیں موقع دیا جائیگا اور ہم دلائل دینگے، اگر کوئی رکاوٹ نہیں آتی تو یہ کیس منطقی انجام تک پہنچ جائیگا۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے درخواست دی ہے کہ تمام کیسز اکٹھے سامنے جائیں، یہ بہت ہی مضحکہ خیز بات ہے، اس سے پہلے بھی طرح طرح کے بہانے بنائے گئے۔ پی ٹی آئی کے بانی رکن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کی غیر قانونی فنڈنگ ایک بڑے مقصد کے لئے کی جاتی ہے، اس فنڈنگ کا مقصد پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانا تھا۔ اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ کچھ دنوں میں ایسے انکشافات ہونے جارہے ہیں، پتہ چلے گا کہ بہت بڑے پیمانے پر فنڈنگ ہوئی، میں آپ کے سامنے شواہد بھی دونگا۔