قصور(عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے کپاس کی بی ٹی اقسام کے کاشتکاروں کو رواں ماہ اپریل کے دوران درمیانی کاشت کے دوران پودے سے پودے کافاصلہ 9سے 12انچ اورمئی میں کاشت کے دوران فاصلہ 6 سے 12انچ رکھنے کی ہدایت کی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار اس دوران کھیلیوں سے کھیلیوں کا فاصلہ اڑھائی فٹ تک رکھیں تاکہ فی ایکڑ پودوں کی تعداد مناسب رہ سکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت(توسیع)قصوراحمدنویدامجدنے بتایا کہ کاشتکار اگیتی ودرمیانی کاشت کےلئے کھیتوں میں161کلوگرام نائٹروجن 50کلوگرام فاسفورس اور 50کلوگرام پوٹاش فی ایکڑ ڈالیں تاہم پچھیتی کاشت کے دوران یہ مقدار 80کلوگرام نائٹروجن 55کلوگرام فاسفورس اور 38کلوگرام پوٹاش فی ایکڑ رکھنی چاہئیے۔
انہوں نے بتایا کہ فاسفورس اور پوٹاش کی تمام مقدار بوائی کے وقت استعمال کرنا ضروری ہے تاہم اگر فاسفورسی کھادوں میں 200 کلوگرام فی ایکڑگوبرکی کھاد بھی ملائی جائے تو اس سے بہت اچھی پیداوارحاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار اگیتی اور درمیانی کاشت کےلئے چھٹا حصہ نائٹروجن بوائی کے وقت ، چھٹاحصہ بوائی کے ایک ماہ بعد اور باقی حصہ ایک پانی چھوڑ کر اگلے پانی پر ڈالناچاہئیے۔