کپاس

کپاس کی آخری چنائی کے بعد کھیتوں میں بھیڑ بکریاں چرانے سے گلابی سنڈی کی تلفی میں مدد ملے گی، ماہرین زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زرا عت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کپاس کی آخری چنائی کے بعد کپاس کے کھیتوں میں بھیڑ بکریاں چرائیں کیونکہ جیسے ہی وہ بچے کھچے ٹینڈے کھائیں گی تو ان میں موجود گلابی سنڈی کی تلفی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار آخری چنائی کے بعد بچ جانے والے ٹینڈوں کو توڑ کر تلف کردیں اور بعد میں چھڑیوں کی کٹائی اس طرح کریں کہ ان کو زمین کے اندر چھ انچ کی گہرائی سے کاٹا جائے تاکہ ان سے موسم بہار کی آمد پر نئی پھوٹ نہ نکل سکے اور خالی کھیتوں میں گہرا ہل چلا کر سنڈیوں کے پیوپے تلف کردیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کے خالی کھیتوں میں موسم بہار کی آمد سے قبل روٹا ویٹر یا مٹی پلٹنے والا گہرا ہل چلاکر کپاس کے مڈھوں اور خود رو جڑی بوٹیوں کو تلف کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار چھڑیوں کو ہر صورت تلف کریں تاہم اگر ایندھن کے طورپر چھڑیوں کو رکھنا ہو تو چھوٹے گٹھے بنا کر دھوپ میں اس طرح رکھیں کہ ان کے مڈھ زمین کی طرف رہیں اور دھوپ لگنے سے باقی ماندہ ٹینڈوں سے گلابی سنڈی کے پروانے کپاس کی فصل سے قبل نکل کر ضائع ہو جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں